مرجع عالی قدر اقای سید علی حسینی سیستانی کے دفتر کی رسمی سائٹ

فتووں کی کتابیں » توضیح المسائل جامع

داڑھی مونڈنا ← → رقص(ناچنا)

مجسمہ سازی اور نقاشی

مسئلہ 2241: تصاویر تین طرح کی ہیں:

الف: اگر تصویر بے روح چیزوں کی ہو جیسے پھول، پودا، درخت وغیرہ تو اس کی نقاشی گرچہ برجستہ (ابھری) ہو اور اس کا مجمسہ بنانا حرج نہیں رکھتا۔

ب: روح دار چیز کی تصویر بغیر بر جستگی کے بنانا جیسے انسان اور حیوان کی نقاشی، یا کمپیوٹر میں فوٹو بنانا حرج نہیں ہے اور فوٹوگراف اور ہمارے زمانے میں ٹیلیویژن کی رائج تصویریں بھی یہی حکم رکھتی ہیں۔

ج: اگر روح دار چیز کی تصویریں مجسم اور برجستہ شکل میں ہوں جیسے انسان اور حیوان كا مجسمہ، چنانچہ کامل تصویر یا حکمِ کامل[228]میں ہو یا احتیاط واجب کی بنا پر روح دار [229]چیز کی ناقص تصویر شمار ہو ایسی تصویروں کا بنانا اور ان کے بنانے کی اجرت لینا احتیاط لازم کی بنا پر حرام ہے ، لیکن ان کا خریدنا اور بیچنا بذات خود دوسرے عناوین سے قطع نظر، حرج نہیں ہے ، اور ان کا گھر میں رکھنا جائز ہے گرچہ مکروہ ہے اور اس کے بنانے کے حرام ہونے میں پتھر، لکڑی، فِلز، پلاسٹک، چونا اور کپڑے وغیرہ میں کوئی فرق نہیں ہے۔

مسئلہ 2242: بچوں کے کھیلنے کے گڈّے یا گڑیا یا نمائشی گڈے یا گڑیا یا حیوانات کی شکل کو چونے سے بنانا، یا لباس كی نمائش کے لیے جو مانکن (ڈھانچا) استعمال ہوتا ہے، انسان کا ماکٹ، ٹیلیفون یا ٹیلیویژن کا پایہ اور بقیہ اشیا جو حیوانات کی شکل میں بنائی گئی ہوں مجسمہ کا حکم رکھتی ہیں۔

مسئلہ 2243: کپڑے کے اوپر روح دار چیزوں کی گلدوزی ، تکہ دوزی ] چھوٹے چھوٹے كپڑوں كو جوڑ كر سلنا[ جیسے انسان اور حیوان کی شکل اور اسی طرح کی چیزیں جس میں تھوڑی برجستگی ہوتی ہے اگر برجستگی قابلِ توجہ نہ ہو تو حرج نہیں ہے اور اس صورت کے علاوہ مجسمہ کا حکم رکھتی ہےقابلِ ذکر ہے کہ مروارید دوزی (موتی لگا كر كپڑا سلنا) بھی مجسمہ کا حکم رکھتی ہے۔

مسئلہ 2244: اگر مجسمہ کے سر کو ایک کارخانہ بنائے یا فرد بنائے اور اس کے بدن کو کوئی دوسرا فرد یا کارخانہ بنائے اور کچھ لوگ سر کو بدن سے متصل کریں یا وہی فرد یا دوسرا کارخانہ جو بدن بنا رہا ہے بدن کو سر سے متصل کرے تو مجسمہ کے بدن کا بنانا جس پر روح دار کی ناقص تصویر بنانا صادق آ رہا ہے احتیاط لازم کی بنا پر حرام ہے اور بدن کا سرسے ملحق کرنا بھی احتیاط لازم کی بنا پر جائز نہیں ہے، لیکن صرف سر کا بنانا حرج نہیں رکھتا۔

مسئلہ 2245: اشخاص کا رٹون بنانا اگر مومن کی بے حرمتی اور توہین کا باعث ہو تو جائز نہیں ہے، گرچہ وہ شخص اس کام سے راضی ہو لیکن اگر اس زمانے کے عرف میں توہین اور بے حرمتی شمار نہ ہو تو حرج نہیں ہے۔

[228] حکم کامل میں تصویر جیسے بیٹھے ہوئے انسان کی تصویر یا نیم رخ تصویر یا وہ انسان جس نے اپنے ہاتھ کو پیچھے رکھ رکھا ہے اس کی تصویر۔

[229] روح دار حیوان کی ناقص تصویر جیسے ہاتھ یا پیرکٹا ہوا انسان یا وہ انسان جس کا سر نہیں ہے اس کا مجسمہ یا برجستہ تصویر۔
داڑھی مونڈنا ← → رقص(ناچنا)
العربية فارسی اردو English Azərbaycan Türkçe Français